کاروار، 5 / دسمبر (ایس او نیوز) محکمہ دیہی ترقیات کے وزیر پریانک کھرگے نے گرام پنچایت کے افسران کو ہدایت دی ہے کہ جائداد ٹیکس کی وصولی کو تیز کیا جائے اور لازمی طور پر دسمبر کے آخر تک مقررہ نشانہ حاصل کیا جائے ۔
ریاست کے تمام ضلع پنچایتوں سے تعلق رکھنے والے چیف ایگزیکٹیو افسران سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بات کرتے ہوئے وزیر پریانک کھرگے نے کہا کہ گرام پنچایتوں کی ترقی کے لئے باقاعدگی کے ساتھ جائداد ٹیکس کی وصولی نہایت ہی ضروری ہے ۔ انہوں ان افسران سے کہا کہ اپنی کارکردگی میں اضافہ کرتے ہوئے ٹیکس وصولی کا جائزہ لینے کے لئے ہر مہینے میں ایک بار میٹنگ طلب کریں ۔ اس کے علاوہ بہت ساری گرام پنچایتوں کی جانب سے گرام سبھا طلب نہ کرنے پر اپنی بے اطمینانی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر موصوف نے افسران سے کہا کہ تمام گرام پنچایتوں کو گرام سبھا طلب کرنے کی ہدایت جاری کریں ۔
اس پس منظر میں سب سے اہم مسئلہ یہ سامنے آیا ہے کہ ایک طرف اگر حکومت کو فنڈ کی کمی لاحق ہے تو دوسری طرف گرام پنچایتوں میں ضروری عملہ کی کمی ہے ۔ اس وجہ سے وزیر موصوف کی یہ ٹیکس وصولی کا نشانہ پورا کرنے کی ہدایت پنچایت افسران اور عملے کے لئے ایک نیا درد سر بن گئی ہے ۔